لندن (پی اے) منگل23جولائی سے ہونے والی اسکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران کار کے ذریعے 27ملین ٹرپس کی پیش گوئی کی گئی ہے ،آر اے سی اور ٹرانسپورٹ کے ماہر تجزیہ کار تنظیم INRIX کے ڈیٹا کے مطابق اسکول کی تعطیلات کے بعد پہلے ہفتے کو ہونے والے معمول کے ٹریفک کے رش سے پہلے ہی پہلے دن یعنی منگل 23جولائی کو 2.4ملین کار یں سفر پر روانہ ہوجائیں گی جس کے بعد اختتام ہفتہ تک بتدریج ٹریفک میں اضافہ ہوتاجائے گا۔ ڈیٹا کے مطابق توقع ہے کہ 22جولائی سے 25جولائی کے دوران 13ملین کاریں سفر پر روانہ ہوجائیں گی جبکہ جمعہ 26جولائی کو RAC نے ٹریفک فرائیڈے قرار دیاہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس دن تعطیلات کو جانے والوں سمیت 3.2 ملین گاڑیاں سڑکوں پر ہوں گی ،ہفتہ کو سب سے زیادہ بھیڑ ہوگی تاہم مجموعی طورپر 3.6گاڑیوں کے سفر پر نکلنے کی توقع ہے۔ ہفتہ کے بعد اتوار کو 2.9گاڑیاں سڑکوں پر نکلنے کی توقع ہے جبکہ RAC کے مطابق جمعہ سے اتوار کے درمیان 13.8ملین گاڑیوں کے سفر پر نکلنے کا امکان ہے، ریکارڈ کے مطابق ان تین دنوں کے دوران 2015کے بعد دوسرا سب سے مصروف ترین اختتام ہفتہ ہوگا۔ اس سے زیادہ مصروف تین اختتام ہفتہ 2022میں ہواتھا جب کووڈ سے متعلق لاک ڈائون کے وقت 18.8ملین گاڑیاں سڑکوں پر نکلی تھیں، ڈرائیوروں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ جمعہ اور ہفتہ کو رات 12بجے اور شام کو 5 بجے اور اتوارکو صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک سڑکوں پر نکلنے سے گریز کریں،ہفتہ کو ایم 5 پر جنوب کی جانب 15 نمبر چوراہے اور M4اور ایم 5 پر برسٹل اور برج واٹر کو جانے والے چوراہا نمبر 23 پر لنچ کے وقت سب سے زیادہ لمبی قطاریں دیکھنے میں آسکتی ہیں کیونکہ تعطیلات منانے والے جنوب سے ڈیوون اور کارن وال کی جانب جائیں گے۔ RAC کے ترجمان کا کہناہے کہ ہفتہ یا اتوار کو تعطیلات پر جانے والوں سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاروں اور سفر کو معمول سے زیادہ طویل ہوجانے کی توقع رکھنی چاہئے۔ اگر آپ جلدی نہیں نکل سکتے تو اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ آپ کو ٹریفک میں کافی دیر بیٹھا رہناپڑے گا۔