• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’المصطفیٰ ٹرسٹ‘‘نے خان یونس میں فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا

لندن (راجہ فیض سلطان) ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ نے جنوبی غزہ کے علاقہ خان یونس میں فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا۔ غزہ جہاں گزشتہ دس ماہ سے جنگ جاری ہے وہاں ’’ المصطفیٰ کی جانب سے فیلڈ ہسپتال مکمل طور پر کام کر رہا ہے، ہسپتال میں ہر قسم کے طبی آلات موجود ہیں جہاں روزانہ 500مریضوں تک کے علاج کی سہولت موجود ہے۔ ان سہولیات میں آپریشن تھیٹر ، انتہائی نگہداشت کے یونٹس، انکیوبیٹرز اور زچگی کی دیکھ بھال شامل ہے المصطفیٰ نے ہسپتال کا یہ منصوبہ ’’ریڈ کریسنٹ قاہرہ‘‘ اور ’’ریڈ کریسنٹ غزہ‘‘ کے باہمی تعاون سے مکمل کیا ہے، اس کے علاوہ المصطفیٰ کے تعاون سے غزہ کے مختلف علاقوں میں موجود 6مزید ہسپتالوں کی معاونت بھی کی جا رہی ہے جن میں جنوبی غزہ کا فیلڈ ہسپتال تل الحوا، فیلڈ ہسپتال خان یونس، ریڈ کریسنٹ فیلڈ ہسپتال، خان یونس فیلڈ ہسپتال نابلس، اردنی سرجیکل سٹیشن رام اللہ، اور اردنی سرجیکل سٹیشن جینین شامل ہیں ۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے لندن آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ حالیہ جنگ کے بعد ہم لاکھوں پاؤنڈ مالیت کی امداد غزہ بھجوا چکے ہیں جس میں پینے کا صاف پانی، گرم کپڑے، گدے، کمبل، خیمے، حفظان صحت کی کٹس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا انسانی خدمات کے ان تمام کاموں میں ہمیں اپنے ڈونرز کا مالی تعاون اور اعتماد حاصل رہا ہے، اس تعاون کے ساتھ ساتھ ہمیں لندن اور غزہ میں اپنی ٹیم اور ریڈ کریسنٹ قاہرہ اور غزہ ریڈ کریسنٹ کا تعاون بھی حاصل ہے جن کی وجہ سے ہم اس قابل ہوئے کہ ہم صرف غذائی ضروریات کی مد میں 285000افراد کو فوڈ پیک اور طبی امداد کی مد میں 47000 افراد کو ضروری طبی سامان مہیا کر چکے ہیں، انہوں نے کہا میں خود اپنی ٹیم کے ہمراہ کئی بار قاہرہ اور غزہ بارڈر تک امدادی ٹرکوں کے زریعہ امداد پہنچا چکے ہوں۔ اس موقع پر’’المصطفیٰ‘‘ کی ڈائرکٹر صدف جاوید نے کہا کہ ہم انہی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جن کے پاس غزہ کے اندر جا کر کام کر نے کا پرمٹ موجود ہے۔ اس موقع پر ’’المصطفی” کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نثار احمد نے کہا ہم فلسطین کے لئے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ایجنسی ’’انروا‘‘ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ سابق میئر ہونسلو افضال کیانی نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ’’المصطفیٰ‘‘ کے توسط سے تمام معلومات ہم سب تک پہنچ رہی ہیں۔ بیرسٹر زبیر اعوان، ہونسلو مسجد کے سابق چیئرمین چوہدری عبدالمجید، الفورڈ اسلامک سینٹر کے ترجمان احمد نواز نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صحافیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔