بانی پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق پر اعتراض کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے نئے کیس میں گرفتاری کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سماعت نے کی۔
بانی پی ٹی آئی کے معاون وکیل انتظار پنجوتھہ نے کہا کہآپ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر دیا ہے، استدعا ہے کہ آپ بانی پی ٹی آئی کا کیس نہ سنیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس سننے پر اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی وجہ نہیں، اس طرح تو نیا ٹرینڈ شروع ہو جائے گا، کوئی بات نہیں آپ سلمان صاحب کو کہیں دلائل دیں، آپ کہہ رہے ہیں میں مقدمے سے الگ ہو جاؤں۔
پی ٹی آئی وکلاء نے کہا کہ جی، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اس سماعت سے دستبرداری اختیار کر لیں۔
جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ایسے نہیں ہوتا اس کا پورا طریقہ کار موجود ہے، اس حوالے سے جسٹس بابر ستار کا فیصلہ موجود ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ سلمان صفدر صاحب سے کہیں وہ میرٹ پر دلائل دیں۔