کارگل (نیوزایجنسیاں)بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلا ف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نے اپنے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ دہشت گردی اور پراکسی وار کےذریعے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ حکمت عملی کام نہیں کریگی،دہشت گردوں کو پوری طاقت سے کچلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روزکارگل کے 25 برس مکمل ہونے کے موقع پر کارگل کے ہمالیائی ریجن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نریندر مودی نے جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے بھارتیوں کی یادگار پر حاضری دی۔ مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارگل جنگ سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ریاست کیلئے دی گئی قربانی امر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگل جنگ کے وقت بھارت امن کی کوششیں کر رہا تھا۔ لیکن پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اپنا چہرہ دکھایا۔ لیکن تاریخ کے سامنے دہشت گردوں کو شکست ہوئی۔ بھارتی وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے ماضی میں جتنے بھی اقدامات کیے اسے منہ کی کھانی پڑی ہے۔ لیکن پاکستان نے اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔ وہ دہشت گردی کے سہارے اپنے آپ کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان مئی اور جولائی 1999 کے درمیان کشمیر کے کارگل ضلع اور بعض دوسرے علاقوں میں محدود پیمانے پر جنگ لڑی گئی تھی۔ کارگل جنگ میں کی تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیرِ اعظم نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اس جگہ سے بول رہا ہوں جہاں دہشت گردی کے آقائوں کو میری آواز سیدھی سنائی دے رہی ہے۔