برمنگھم (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کے ر ہنما و ممبر قومی اسمبلی میر امیر علی خان مگسی نے کہا ہے کہ اورسیز پاکستانی ملک پاکستان کا سرمایہ ہیں ۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کی نبض پر ہاتھ رکھا اور مسائل حل کئے پیپلز پارٹی کی نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری پاکستان کو اندھیروں سے نکال کر خوشحالی کی طرف راغب کر کے دم لیں گے۔ صدر آصف زرداری نے بحیثیت صدر پاکستان وہ کارنامے سرانجام دیئے جس سے پاکستان دنیا میں اجاگر ہوا اور ملک میں امن خوشحالی اور ترقی ہوئی جمہوریت پروان چڑھی نوجوان قیادت کو ترقی کے مواقع ملے پاکستان کو ایسے صدر کی ضرورت تھی، جو تمام اکائیوں کو جوڑ سکے۔ جو بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھ سکے اور جو غیور پختونوں کو دہشت گردی کے آسیب سے چھٹکارا دے سکے۔ ایسے میں آصف علی زرداری کا صدر پاکستان ہونا ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔ انہوں نے کبھی ذاتی مفادات کو ترجیع نہیں دی ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کے لیے کام کیا۔ امیر علی خان مگسی نے پاک بزنس کونسل کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت مشکلات کا ہے چیلنجز کا دور ہے۔ پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہو گا اورسیز ان حالات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے حکومت کا ساتھ دے تاکہ ملک کو خوشحال بنایا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مشن عوام کی خدمت ہے اوراس مشن کی تکمیل کے لیے اورسیز کمیونٹی پاکستانی آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں۔ بیرون ممالک میں پاکستان کے حق میں لابنگ کریں ملک کا نام روشن کریں پیپلز پارٹی کو مضبوط متحرک کریں کیونکہ یہ ہی وہ پارٹی ہے جوعوام کو گھٹاٹوپ اندھیروں سے نجات دلوا سکتی ہے پیپلز پارٹی مضبوط ہو گی تو قوم اور ملک مضبوط ہو گا کیونکہ پی پی پی کی قیادت مخلص اور دیانت دار اور محب وطن ہے آصف علی زرداری کی سوچ اور وژن کو فالو کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو مستحکم کیا جائے۔