برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) عقیدہ ختم نبوت جز ایمان کامل ہے۔ سپریم کورٹ پاکستان مبارک ثانی کیس پر نظر ثانی کرے۔ اس پر آئین پاکستان کی روح سے اور شریعت محمدیﷺ کی روح سے کسی قسم کی تبدیلی کی گنجائش نہیں ہے۔ سپریم کورٹ اس پر نظر ثانی کرے ملک بھر اور دنیا بھر میں موجود علما ءکرام و مشائخ عظام سے سپریم کورٹ رہنمائی لے سکتی ہے۔ ملک پہلے ہی عدم استحکام کا شکار ہے اس طرح کے حساس مسائل کو چھیڑ کر انتشار کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پر جماعت اہلسنت برطانیہ کو سخت تحفظات ہیں اور گہری تشویش پائی جاتی ہے، ان خیالات کا اظہار حضرت پیر سلطان فیاض الحسن قادری، علامہ غلام ربانی افغانی، علامہ مصباح المالک لقمانوی، مفتی رسول بخش سعیدی، علامہ نصیر اللہ نقشبندی، علامہ شاہجہان مدنی، مفتی یار محمد، علامہ رمضان رضا، بیرسٹر رشید مرزا، شہزاد اقبال، نائب مغل، قاری حنیف حسنی اور دیگر نے جماعت اہلسنت برطانیہ کے اہم اور ہنگامی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ دور حاضر میں عقائد اسلام میں بعض حضرات کی جانب سے غیر محتاط روش اختیار کرتے ہوئے امت مسلمہ کے متفقہ عقائد سے انحراف کیا جا رہا ہے جس کے تحت نئے فتنے جنم لے رہے ہیں اجلاس میں 10نکات پر مشتمل متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا تاکہ عقیدہ ختم نبوت سمیت دیگر عقائد کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔