اسٹاک ہوم (کاشف عزیز بھٹہ) فرینڈز آف پاکستان سویڈن نے سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اسٹاک ہوم میں پاکستانی کمیونٹی کی آگاہی کیلئے اور اسلام آباد میں سویڈش سفارتخانہ میں ویزا سروسز کی معطلی کا ایک سال سے زائد ہونے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا ۔مقامی ریسٹورنٹ میں ہونے والی تقریب میں سفارتخانہ پاکستان سٹاک ہوم کی ہیڈ آف چانسری سیدہ وردہ بی بی اور پاکستان سے آئے رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز اور ہیومین ریسورسز احسان الحق باجوہ نے شرکت کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اوورسیز و ہیومن ریسورسز نے تقریب کے انعقاد پر فرینڈز آف پاکستان سویڈن کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اور ان کی وزارت ہر اوورسیز پاکستانی کیلئے حاضر ہے اور ان کے آفس کے دروازے بلا تفریق سیاسی وابستگی ہر اوورسیز پاکستانی کیلئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں سویڈش سفارتخانہ کی ویزا سروس کو کھلوانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولت دینے کیلئے کام کر رہی ہے اور منشور میں کئے گئے اپنے وعدوں پر عمل کررہی ہے جن میں ووٹ کا حق، پارلیمان میں اوورسیز کی نمائندگی شامل ہیں۔ہیڈ آف چانسری سفارتخانہ پاکستان سیدہ وردہ بی بی نے بامقصد کمیونٹی تقریب کے انعقاد پر فرینڈز آف پاکستان کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کو یقین دلایا کہ سفارتخانہ پاکستان اور اس کی پوری ٹیم سویڈن میں پاکستانیوں کی خدمت کیلئے دن رات حاضر ہے، کوئی ایسا دن نہیں جب اسلام آباد میں سویڈن کے سفارتخانہ کی بندش کے حوالے سے وزارت خارجہ کو نہیں لکھا جاتا، انہوں نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات کا انعقاد نہایت ضروری ہے جس سے سویڈن میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے انہوں نے کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ تقریب کے منتظم کاشف عزیز بھٹہ نے سویڈن میں درپیش کمیونٹی کے مسائل پر روشنی ڈالی اور فرینڈز آف پاکستان سویڈن کے پلیٹ فارم سے ہونے والے کمیونٹی ایونٹس اور ان کی افادیت کا بتایا۔دیگر مقررین نے پاکستان سے آئے مہمان خصوصی رکن قرمی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اوورسیز پاکستانیز احسان الحق باجوہ اور سیدہ وردہ بی بی ہیڈ آف چانسری سفارتخانہ پاکستان کو خوش آمدید کہا اور سویڈن میں مقیم کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور احسان الحق باجوہ کا پاکستان کی قومی اسمبلی میں اسلام آباد میں سویڈش سفارتخانہ کی بندش کے حوالے سے آواز اٹھانے اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے معاملہ کے حل کیلئے بات کرنے پر ان کوخراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں امیگریشن امور کے ماہر سینٹر پارٹی کی طرف سے فالشاپنگ کمیون کے کونسلر لیاقت گورائیہ، ملک شہریار علی، نیشاپنگ کمیون کے ایمبیسڈر یوسف ساہی، ندیم طاہر، صدارتی ایوارڈ یافتہ ایمانوئل راتق، کرسچین ڈیموکریٹ جماعت کے رہنما آندرش، مادریٹ پارٹی کے کونسلر عمیر ضیاء بھٹی، مالمو سے تشریف لائے اسد ایاز، مرزا ابراز، چوہدری غلام محمد بھلی، عرفان نیاز چوہدری ایڈووکیٹ، جنید نواز چوہدری، کاشف عزیز بھٹہ، شکیل چوہدری، سفارتخانہ پاکستان کے سمیع اللہ خان، مسعود منہاس، ملک شہزاد، ذوالفقار چوہدری، عبدالسلام، سید جواد حیدر شاہ، فیصل چوہدری، ذوالفقار علی، طارق چوہدری، معین خان، عادل چوہدری، ابوبکر بٹ، مسلم لیگ ن جرمنی کے عبدالرحمٰن، رضوان بھٹی، میاں یاسر، خطیب مسجد عائشہ ناصر احمد و دیگر نے شرکت کی۔