چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے موسلا دھار بارش کا امکان نہیں ہے۔
یہ بات چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے مون سون کا کوئی اسپیل کراچی سمیت سندھ پر اثر انداز ہوتا نظر نہیں آ رہا۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، صدر اور اطراف میں بوندا باندی ہوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بوندا باندی اور بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں سمندری ہوائیں 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔