راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں انسداد ڈینگی مہم کیلئے عارضی بنیادوں پر 1500ورکرز کی بھرتی میں نظر انداز کئے جانے والے سینٹری پٹرول نے بھرتی کے عمل پر سوال اٹھا دئیے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرصحت پنجاب سے معاملے کی انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔رفاقت حسین،محمد عمیر،بشری بی بی وغیرہ نے سیکرٹری صحت پنجاب کو بھجوائی گئی شکایت میں کہا ہے کہ اشتہار میں اینٹامالوجسٹ کی بھرتی کیلئے انٹرویو کی تاریخ یکم اپریل دی گئی تھی جبکہ بھرتی کمیٹی کی تشکیل30جولائی2024کو ہوئی جو ثابت کرتا ہے کہ سارا عمل بوگس ہے۔ایک دن میں 48سو درخواست گزاروں کو اطلاع بھی کردی گئی اور میرٹ لسٹ بنا کر تقرر نامے بھی جاری کردئیے گئے۔ عارضی سینٹری ورکرز کی بھرتی غیر قانونی اور گورنمنٹ بھرتی پالیسی2022کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ تمام بھرتیاں منسوخ کرکے تمام امیدواروں کیلئے شفاف اور یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔