• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی کیٹ کی تیاری کے بہانے نمبر دلانے، غلط معلومات دینے پر پی ایم ڈی سی برہم

کراچی(سید محمد عسکری ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے MDCAT کے امتحان کی تیاری کے بہانے نمبر دلانے اور غلط معلومات دینے کا سخت نوٹس لیا ہے پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار ڈاکٹر شائستہ کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مختلف ذرائع اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے یہ اطلاع دی گئی ہے کہ بعض افراد اور گروہ ایم ڈی سی اے ٹی کے امیدواروں کو جعلی امتحان کی تیاری کی خدمات پیش کر کے اور امتحانی عمل سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلا کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ان افراد اور پلیٹ فارمز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لیے PM&DC سائبر سیکیورٹی سیل سمیت متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گا ۔ رجسٹرار کے مطابق MDCAT امتحانات صرف صوبائی اور وفاقی حکومت کے منظور کردہ معیارات کے تحت متعلقہ صوبائی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے زیر انتظام ہیں، جبکہ PM&DC کا کردار اس کے سرکاری پورٹل کے ذریعے طلباء کی رجسٹریشن تک محدود ہے۔ مراسلے میں MDCAT کے خواہشمند تمام طلباء اور ان کے والدین کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان دھوکہ دہی والی اسکیموں کا شکار ہونے سے گریز کریں۔
اہم خبریں سے مزید