بھارتی ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر کو مور کا سالن بنانا اور کھانا مہنگا پڑ گیا، ویڈیو وائرل ہونے پر کانٹینٹ کرئیٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوبر کوڈم پرانے کمار کو تلنگانہ کے سرسلہ ضلع سے اتوار کے روز گرفتار کیا گیا ہے۔
’نیوز 18‘ کا کہنا ہے کہ یوٹوبر کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آنے والے شدید ردِ عمل کے پیشِ نظر گرفتار کیا گیا جبکہ ’ٹراڈیشنل پی کوک کری‘ کے عنوان سے یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو کو کوڈم پَرانے کمار کے چینل سے ہٹا دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے یوٹیوبر پر جنگلی حیات کو غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق یوٹیوبر کوڈم پَرانے کمار پر وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وائلڈ لائف پروٹیکشن 1972 ایکٹ کی دفعہ 51 کے سیکشن (ون اے) کے تحت بھارت کے قومی پرندے مور کا شکار کرنے اور اسے مارنے پر سخت پابندی عائد ہے۔
تلنگانہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ٹیسٹ سیمپلز کو لیباٹری بھجوا دیا گیا ہے، اگر مور کے گوشت کو پکانے کی تصدیق ہو گئی تو یوٹیوبر کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔