ادب فیسٹیول کی بانی اور لائٹ اسٹون پبلشرز کی منیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید نے اعلان کیا ہے کہ چھٹا ادبی میلہ ہفتہ 17 اگست لاہور جبکہ ساتواں اتوار 18 اگست کراچی میں منعقد ہوگا۔
اس موقع پر امینہ سید نے جیو اور میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن (MKRF) کا بھی خیر مقدم کیا جو اس ادب فیسٹیول کے شراکت دار ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب ادب فیسٹیول دو شہروں میں لگاتار منعقد ہوگا جبکہ لاہور میں یہ فیسٹول پہلی بار منعقد ہو رہا ہے۔
فیسٹیول میں داخلہ مفت ہے جس میں ہر عام و خاص شرکت کرسکتا ہے، منتظمین اور شراکت دار چاہتے ہیں کہ اس کمیونٹی میں شامل ہر شخص کتابوں اور ادب سے محبت کرے، اپنے تجربات کا تبادلہ خیال کرے اور ایونٹ سے بھر پور لطف اندوز ہو۔
ادب فیسٹیول لاہور کے مقررین میں پنجاب کے وزیر تعلیم راجہ سکندر حیات، نسرین محمود قصوری، ڈاکٹر فیصل باری، ڈاکٹر فیصل مشتاق، بیلہ رضا جمیل، سیما عزیز، کامران لاشاری، ڈاکٹر نادرہ خان، مہناز شجرہ، اطہر طاہر اور ڈاکٹر امرہ رضا، مینا ملک، رضا نعیم، سلمان فاروقی، روشن ظفر، ڈاکٹر امجد ثاقب، اعتزاز احسن، مجیب الرحمان شامی، ڈاکٹر محمد وسیم، بشریٰ اعتزاز، بسمہ معروف، تانیہ ملک، ممبئی میں مقیم صحافی ایوش پتھران، عمیر سعید عزیز، یاسر لطیف ہمدانی اور ڈاکٹر علی عثمان قاسمی شامل ہیں۔
کراچی ادب فیسٹیول میں عمر شاہد حامد، سفینہ دانش الہٰی، عائشہ باقر، کرسٹی میری لاڈر، آیوش پتھران، حدیل عبید، عروج ممتاز، عمیر عزیز سعید، سلمان فاروقی، ڈاکٹر عشرت حسین، فاروق حسن، محمود شام، امینہ سید اور حمید ہارون شامل ہیں۔
فیسٹیول میں کئی اہم اور مقبول کتابوں پر بھی بحث ہوگی۔