• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی آئی چندریگر روڈ پر مسلح ملزمان نے کیش وین سے 2 کروڑ روپے لوٹ لئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی آئی چند ریگر روڈ پرمسلح ملزمان نےبلڈر سے 2 کروڈ روپے لوٹ لئے،مزاحمت پر ملزمان نے سیکیورٹی گارڈ کو گولی مار کر زخمی کردیا،پولیس نے واقعہ مشکوک قرار دیا ہے تفصیلات کے مطابق آئی آئی چند ریگر روڈ ریلوے گودی اسٹاک ایکسچینج کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے نجی بینک سے رقم لیکر آنے والی گاڑی کو روک کر اسلحہ کے زور پر رقم سے بھرا ہوا بیگ لے کر فرار ہوگئے،ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ گل ضمیر نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی توملزمان نے فائرنگ کرکےاسے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے،پولیس کے مطابق واقعہ مشکوک معلوم ہوتا ہے ،متاثرین کی جانب سے پولیس کو بتایا گیا ہے کہ انہوں نے شاہراہ فیصل پر واقع میزان بینک سے 2 کروڈ روپے کی رقم لیکراسٹاک ایکسچینج کے قریب واقع بینک میں جمع کرانے کے لئے پہنچے تھے کہ ان کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ایس ایچ او تھانہ میٹھا در رانا حامد علی نے بتایا ہےکہ جن کی رقم لوٹی گئی ہے وہ خو د کو بلڈر بتاتے ہیں پولیس کو دئیے گئے بیان کے مطابق معاملہ مشکوک معلوم ہوتا ہے ،4 بجے کے قریب شاہرا ہ فیصل سے نکلے اور ڈکیتی پونے 6 بجے کے قریب ہوتی ہے،پونے 6 بجے کوئی بینک کھلا نہیں ہوتا ہے،تاہم پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے،انہوں نے بتایا ہےکہ واقعہ سٹی ریلوے اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے لہذا واقعہ کا مقدمہ تھانہ سٹی ریلوے اسٹیشن میں درج ہوگا ،اس سلسلے میں موقف جاننے کے لئے ریلوے پولیس حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
اہم خبریں سے مزید