کراچی ( ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی، ملک احمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جنرل فیض کو اپنی حکومت کے استحکام کے لئے رکھنا چاہتے تھے بانی پی ٹی آئی کی فیض حمید سے متعلق خواہش ادارہ جاتی اصولوں کے خلاف تھی۔جنرل باجوہ کی نواز شریف کے ساتھ ڈیل کے تاثر کو مسترد کرتا ہوں، نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جمعرات کے روز خاصے پریشان تھے، سینئر صحافی وتجزیہ کار عمر چیمہ نے بتایا کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق دوریٹائرڈبریگیڈیئر اور ایک ریٹائرڈ کرنل گرفتار کئے گئے ، یہ جنرل فیض کے بہت قریبی لوگ ہیں، ان کے آپس میں فنانشل معاملات بھی ہیں۔ پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی، ملک احمد خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ میں پرانا سپاہی ہوں جو پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔پھر یہی بات انہوں نے این ڈی یو میں دہرائی۔ جنرل باجوہ کے توسیع نہ لینے کی خبریں بریکنگ نیوز بنی رہیں۔جنرل فیض کے عہدے پر رہنے کے حوالے سے ایک صورتحال پیدا ہوئی تھی۔