اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) مراکش کے بادشاہ نے وزارت خارجہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری سابق سفیر حامد اصغر خان کو مراکش اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط‘ مستحکم اور دیرپا بنانے کی کئی سالوں تک مسلسل کوششوں کے اعتراف کے طور پر مراکش کا شاہی ایوارڈ ’’الوسام العلوي‘‘ دینے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کارومونے نے جمعرات کی شام اپنی رہائشگاہ پر ایک پروقار تقریب میں حامد اصغر خان کو اس ایوارڈ سے نوازا جو کم و بیش چار سال تک مراکش میں سفیر پاکستان کی خدمات بطریق احسن سرانجام دیتے رہے ہیں۔ اس موقع پر مراکش کے سفیر محمد کارومونے نے پاکستان اور مراکش کے درمیان اسلامی اخوت‘ مراکش میں پہلی اسلامی سربراہ کانفرنس اور 1974ء میں لاہور میں دوسری اسلامی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔