کراچی( اسٹاف رپورٹر )سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں کمیٹی کے پیسے نہ دینے پر شوہر اور دیور نے خاتون کو قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود وزیر بروہی گوٹھ علی اکبر مسجد کے قریب گھر سے ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں اس کی شناخت 32 سالہ زاہدہ زوجہ عبدالغفار مہر کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او نور محمد شیخ کے مطابق خاتون کو پیچ کس اور چھری کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاتون فیکٹری میں کام کرتی تھی اور اس کی ایک لاکھ روپے کی کمیٹی کھلی تھی۔خاتون کے دیور ممتاز پر دو سے ڈھائی لاکھ روپے کا قرض تھا اور وہ خاتون سے کمیٹی کے پیسے مانگ رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کے انکار پر اس کے شوہر عبدالغفار اور دیور ممتاز نے اسے چھری اور پیچ کس کے وار کر کے قتل کیا اور کمیٹی کے پیسے ایک لاکھ روپے اور مقتولہ کے تین بچوں کو بھی ساتھ لے کر فرار ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کی بہن نے پولیس کو شکایت درج کروائی ہے۔مقتول کا آبائی تعلق جیکب آباد سے ہے اور مقتولہ کی تدفین کے بعد ورثاء واقعہ کا مقدمہ درج کروائیں گے۔