• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں تمغے کے علاوہ کیا ملا؟


پیرس اولمپکس میں شاندار پرفارمنس دینے والے ارشد ندیم سمیت دیگر تمام کھیلاڑیوں کو طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغوں سے تو نوازا جاتا ہی ہے، لیکن رواں سال منعقد ہونے والے کھیلوں کے اس عالمی میلے میں تمغوں کے ساتھ ساتھ ایتھلیٹس کو ایک سُنہرا باکس بھی دیا گیا۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ اس پتلے، لمبے سُنہرے باکس میں کیا ہے؟ اگر نہیں جانتے تو ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

آسٹریلوی کینوئسٹ جیسیکا فاکس نے مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس راز سے پردہ اُٹھا دیا کہ جیتنے والے اولمپیئنز کو اس باکس میں کیا ملتا ہے۔

دو گولڈ میڈل جیتنے والی اولمپین جیسیکا فاکس نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ بہت سارے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ پیرس میں جیتنے کے بعد ہمیں پوڈیم پر تمغے کے ساتھ اس باکس میں کیا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عام طور پر جیتنے والے کھلاڑی کو شوبنکر یا پھول دیا جاتا ہے، لیکن اس بار یہ تھوڑا منفرد ہے، اس بار ہمیں ایک پینٹنگ دی گئی ہے، جو بہت خوبصورت ہے۔

ادھر پیرس اولمپکس کے آفیشل ایکس اکاونٹ پر بھی اس حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اولمپیئنز کو تمغے کے ساتھ دیئے جانے والے 40 سینٹی میٹر باکس میں پیرس گیمز کا آفیشل پوسٹر بطور تحفہ دیا گیا۔

اس پوسٹر پر ایک مہر بھی ہے جو اولمپیئنز کے تمغے کے لحاظ سے سونے، چاندی یا کانسی کی ہوتی ہے۔ یہ پوسٹر پیرس اولمپکس کے سلوگن ’گیمز وائڈ اوپن‘ کی نمائندگی کر رہا ہے۔

پیرس اولمپکس کے مطابق پوسٹر کو معروف مصور یوگو گیٹونی نے بنایا پے، جس میں مختلف علامتوں کے ذریعے کئی چیزوں کو بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس ڈیزائن کو 4 ماہ اور 2 ہزار گھنٹوں میں تیار کیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید