• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو روزہ انٹرنیشنل لائلپور ہسٹری کانفرنس 26 اور 27 اگست کو ہوگی

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) لائلپور لٹریری کونسل کے تحت دو روزہ انٹرنیشنل لائلپور ہسٹری کانفرنس26اور27اگست کو ہو گی۔چیئرمین لائلپور لٹریری کونسل مصدق ذوالقرنین نے کہا کہ مقصدسرحدوں، نظریات سے بالاتر عالمی تاریخی مکالمے کو فروغ دینا ہے، کانفرنس میں پہلے روز افتتاحی سیشن کے علاوہ مختلف موضوعات پر تین اور دوسرے روز چار سیشن ہوں گے جن میں بیرون ملک اور پاکستان بھر سے مورخین، محققین اور سوشل سائنٹسٹ شرکت کرینگے۔ کانفرنس کے دوران پنجاب میں مذہبی رواداری، ہجرت اور تقسیم کے بعد کی حرکیات، نوآبادیاتی پنجاب میں انقلابی آوازیں، مزدور تحریکیں اور لائل پور کی فرقہ وارانہ شناخت، فیصل آباد میں ثقافتی اور سماجی حرکیات کی تلاش اور نشانات، ماضی سے جدیدیت تک: لائل پور کی تاریخی داستانیں اور اہم شخصیات، پنجاب میں سماجی حرکیات اور موسمیاتی چیلنجز، لائل پور کی ثقافتی علاقائی منتقلی اور ادبی سیاست، لائل پور کا آرکیٹیکچرل نیوریٹو کے موضوع پر تحقیقی مقالہ جات پیش کئے جائیں گے۔ لائلپور لٹریری کونسل کے چیئرمین و معروف صنعتکار مصدق ذوالقرنین نے کہا ہے کہ اس کانفرنس کا مقصد ایک عالمی تاریخی مکالمے کو فروغ دینا ہے جو سرحدوں اور نظریات سے بالاتر ہو۔ کانفرنس کے انعقاد سے لائلپور کے تاریخی تشخص کو عالمی سطح پر متعارف کروانے اور لائلپور کی تاریخ و ثقافتی ورثے پر تحقیق کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ مصدق ذوالقرنین کے مطابق کانفرنس کے ذریعے وہ تاریخ دانوں کی آنے والی نسلوں کو ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور تاریخ کے علم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید