• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقبل میں کوئی فون نہیں ہو گا، صرف نیورا لنکس ہوں گے: ایلون مسک

ایلون مسک--- فائل فوٹو
ایلون مسک--- فائل فوٹو

مشہور امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کوئی فون، موبائل فون نہیں ہو گا، صرف نیورا لنکس ہوں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں کوئی فون نہیں ہو گا بلکہ نیورا لنک کے صارفین کا غلبہ ہو گا۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے جس ایکس پوسٹ کا جواب دیا ہے، وہ ان کا پیروڈی اکاونٹ ہے، پیروڈی اکاونٹ نے ایلون مسک کی ایک تصویر شیئر کی تھی۔

مذکورہ تصویر میں ایلون مسک کے ہاتھ میں فون ہے، جبکہ ان کے ماتھے پر اعصابی نیٹ ورک جیسا ڈیزائن دکھایا گیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ AI کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

پیروڈی اکاونٹ سے جاری ہونے والی اس تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’کیا آپ اپنے دماغ پر نیورا لنک انٹرفیس انسٹال کریں گے تاکہ آپ سوچ کر اپنے نئے X فون کو کنٹرول کر سکیں؟‘

اس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ مستقبل میں کوئی فون نہیں ہو گا بلکہ صرف نیورا لنکس ہوں گے۔

دریں اثنا، نیورا لنک ایک دوسرے شخص کی تلاش میں ہے جو اپنے دماغ میں اس چپ نصب کر سکے اور اپنے کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ فون کو بھی اپنے دماغ سے کنٹرول کر سکے۔

یاد رہے کہ جنوری 2024ء میں نیورا لنک کی جانب سے پہلی بار انسانی دماغ میں کمپیوٹر چپ نصب کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی تھی، دماغ میں چپ نصب ہونے کے بعد مریض خیالات کی مدد سے گیم کھیلنے کے قابل ہو گیا تھا۔

یہ چپ ایک 29 سالہ شخص کے دماغ میں نصب کی گئی تھی جو چند سال قبل ایک حادثے میں مفلوج ہو گیا تھا۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید