• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کا آخری دن، وزیرِ اعلیٰ سندھ کی شرکت

شاہ عبدالطیف بھٹائی کا مزار ـــ فائل فوٹو
شاہ عبدالطیف بھٹائی کا مزار ـــ فائل فوٹو

عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 281 ویں عرس کےآخری دن کی تقریبات جاری ہیں۔

شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے زائرین کی آمد بھی جاری ہے۔

زائرین کا مزار حاضری دینے اور فاتحہ خوانی کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

عرس کی اختتامی تقریب میں وزیرِاعلیٰ مراد علی شاہ نے اختتامی تقریب میں شرکت کی، مزار پر حاضری دی، چادر چڑھائی، بھٹ شاہ کا کلام سنا اور مزار کے احاطے میں مستحقین میں تحائف تقسیم کیے۔

اُنہوں نے شاہ عبد الطیف بھٹائی کے مزار پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی نے امن محبت کا پیغام دیا ہے جو سب کے لیے ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں کمی آئی ہے اور سندھ کے ڈاکوؤں کو بھی جہنم واصل کریں گے، ڈاکوؤں کے خلاف پولیس، رینجرز اور آرمی کی مدد لیتے رہتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مخدوم جمیل الزمان کےمؤقف پر اتفاق نہیں کرتا،  پنجاب اور سندھ حکومت کوئی آمنے سامنے نہیں، سب مل کر پاکستان کے مفاد کے لیے کام کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ بلاول بھٹو آج وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، بلاول بھٹو سندھ نہیں پورے پاکستان کی بات کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے کئی بار گلہ کرچکا ہوں کہ سندھ میں کوئی موٹروے نہیں بنائی۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے بند مضبوط ہیں، قدرت سے کوئی لڑ نہیں سکتا بس کوشش کر سکتا ہے، دعا کریں سندھ سمیت پورا ملک امن کا گہوارا بنے۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت اورغزہ میں اسرائیل کی بربریت جاری ہے، اقوام متحدہ اسرائیل اور بھارت کی بربریت کا نوٹس لے کر ازالہ کرے۔

خاص رپورٹ سے مزید