• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرانا گولیمار، دو مذہبی گروہوں میں فائرنگ کا تبادلہ، دو افراد جاں بحق، 9زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پرانا گولیمار علی بستی کے قریب دو مذہبی گروہوں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں دو افراد جاں بحق اور9زخمی ہوگئے،واقعہ کے بعد علاقہ میں صورت حال کشیدہ ہوگئی ،مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی،پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا،تفصیلات کے مطابق رضویہ تھانے کی حدودپرانا گولیمار لسبیلہ پل کے قریب د و مذہبی گروہوں کے مابین تصادم کے نیتجے میں دونوں گروہوں کی جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا جس کے باعث 28سالہ جنید اور شہریار موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ9افراد زخمی ہوگئے ،تصادم کے بعد علاقہ میں حالات کشیدہ ہوگئے،مشتعل افراد نے متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی ،جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہونے سے سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا ،فائرنگ اور پتھراؤں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقے میں بھگدڑ مچ گئی ،دکانداروں اور مسافروں نے موقع سے بھاگ کر اپنی جان بچائی ،وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہوئے ہدایات دیں ہیں کہ شہریوں کے تحفظ جیسے اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے۔قانون شکن عناصر کے خلاف تیز ترین کاروائی کرکے انھیں گرفتار کیا جائے۔واقعہ میں ملوث گروپوں کے کارندوں سمیت انکے سرپرستوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہاہےکہ فائرنگ میں ملوث شر پسند عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی،واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھار ی نفری نے موقع پرپہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا،جبکہ گولیمار میں مذہبی جماعتوں کے درمیان کشیدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سندھ رینجرز کی بھاری نفری کوجائے وقوعہ پر تعینات کردیا گیا۔ سیکٹر کمانڈر بھٹائی رینجرز ،کمانڈر عبداللہ شاہ غازی رینجرز اور ایس ایس پی سینٹرل سمیت رینجرز اور پولیس کے آفسران نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کیا،ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ ضلع شرقی میں مذہبی جماعت کا جلسہ تھا،جلسہ میں شرکت کے لئے مختلف علاقوں سے آنے والی گاڑیاں ریلی کی شکل میں گولیمار سے گزر رہی تھی کے کشیدگی ہوئی جس کے بعد دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، ایس ایچ او گلبہار سب انسپکٹر نزیر نے بتایا کہ دونوں طرف سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی جس کے بعد دونوں طرف سے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور 9افراد زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ایک مزدا گاڑی ،ایک شیزور ،ہائی روف ،3رکشہ اور 2 موٹر سائیکلیں جلادی گئیں ۔

ملک بھر سے سے مزید