• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان یونیورسٹی اسپورٹس بورڈ کا ترمیم شدہ آئین اور قواعد نافذ العمل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) نے پاکستان یونیورسٹی اسپورٹس بورڈ (پی یو ایس بی) کے ترمیم شدہ آئین اور قواعد کا نفاذ کر دیا ۔پی یو ایس بی کے آئین اور قواعد و ضوابط کو سیکرٹری پی یو ایس بی کے نوٹیفیکیشن کے ذریعے ایچ ای سی کے کوآرڈینیشن ڈویژن کی جانب سے وائس چانسلرز کو بھجوایا گیا۔ ترمیم شدہ آئین 23 اگست سے نافذالعمل ہے۔ اس کا مقصدملک میں یونیورسٹی اسپورٹس کوفروغ دینے کے عزم کی عکاسی ہے۔یہ ترامیم ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر مختار احمد کی سربراہی میں کی گئیں، جو قومی تعلیمی اور اسپورٹس پالیسیوں کی ہم آہنگی اور لیڈر شپ کو یقینی بناتی ہیں۔ پی یو ایس بی کے چیئرمین کے طور پر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ہی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اسپورٹس گورننگ باڈی اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے پی یو ایس بی کے دیگر عہدیداروں میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پبلک و پرائیوٹ سیکٹرز کی جامعات کے وائس چانسلرز بطور ممبران شامل ہیں۔نمایاں ترامیم کا تعلق مالی مراعات سے ہے اوریونیورسٹی کے ان طلباء کے لیے نقد انعامات اور انعامی رقم میں اضافہ کیا گیا ہے جو اسپورٹس کی سرگرمیوں میں غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔اس کے علاوہ نیا آئین طلباء کی فلاح و بہبود کے لیے ایک میڈیکل کمیشن قائم کرنے کا اشارہ بھی دیتا ہے۔اس قابلِ ذکر اقدام کے حوالے سے ایچ ای سی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی کی جانب سے کی جانے والی ان ترامیم کا مقصد پاکستان میں یونیورسٹی اسپورٹس کے لیے ایک پائیدار اور قابلِ عمل ماحول پیدا کرنا ہے۔اس طرح کے اقدامات نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں کی مسابقتی پوزیشن کو بلندکریں گے بلکہ آنے والی نسلوں کی مجموعی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

ملک بھر سے سے مزید