ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ مینو منیر نے معروف اداکار ایم مکیش اور جےسوریا پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کردیا۔
یہ الزامات جنوبی فلم انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ ہونے والے ہراسانی اور بدسلوکی کی تحقیقات کرنے والی جسٹس کے ہیما کمیٹی کی چونکا دینے والی رپورٹ کے بعد سامنے آئے۔
اداکارہ مینو منیر نے اپنے فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ 2013 میں ایک فلم کے سیٹ پر چار اداکاروں؛ ایم مکیش، منیان پلّہ راجو، اڈویلا بابو، جے سوریا، نے انکے ساتھ بدسلوکی اور انہیں جنسی ہراساں کیا۔
بھارتی میڈیا سے بات چیت میں اداکارہ نے اپنے ساتھ پیش آئے اس واقعے کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک تلخ تجربہ ہوا، جےسوریا نے میری رضامندی کے بغیر مجھے عقب سے پکڑ لیا اور بوسہ دیا۔ میں چونک گئی اور صدمے کی حالت میں وہاں سے بھاگ نکلی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداکار جےسوریا نے انہیں ساتھ رہنے کی شرط پر مزید کام کی پیشکش بھی کردی تھی۔
مزید برآں مینو منیر نے بتایا کہ ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس (امّا) کے سیکریٹری اڈویلا بابو سے ممبرشپ کےلیے درخواست دی تھی جنہوں نے ممبرشپ کے بہانے اپنے فلیٹ بلایا اور وہاں جسمانی ہراسانی کی کوشش کی۔
مینو منیر کا کہنا تھا کہ ملیالم فلم انڈسٹری میں خواتین کا بہت زیادہ استحصال ہوتا ہے، میں خود اس کی گواہ اور شکار ہوں۔ جب میں چنئی منتقل ہوئی تو کسی نے بھی مجھ سے یہ پوچھنے کےلیے بھی رابطہ نہیں کیا کہ "آخر میرے ساتھ کیا ہوا؟"
واضح رہے کہ 2017 میں اداکارہ حملہ کیس کے بعد کیرالہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی جسٹس ہیما کمیٹی کی رپورٹ میں ملیالم سنیما انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ ہراسانی اور استحصال کے واقعات کا انکشاف کیا، جس کے نتیجے میں اب قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔