اسلام آباد( نمائندہ جنگ ) پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام فرینڈ ز آف سلک روڈ سیریز کی ہونےو الی آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان کی8 بڑی سیاسی جماعتیں سی پیک کی غیر متزلزل حمایت میں یک زباں ، ،سینٹر مشاہد حسین سید نے چین کےساتھ تعلقات کو پاکستان کے شاندار مستقبل کا ضامن قراردیا، پی پی کی شیری رحمان نے کہا سی پیک سے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیداہوئے ہیں،سینٹرسعدیہ عباسی نے کہا سیکورٹی اور ترقی پر توجہ چین کا منفرد پوائنٹ ہے.
پی ٹی آئی کے رہنماء شبلی فراز نے کہاسی پیک امید کی کرن ہے، جے یو آئی کے غفور حیدری نے کہا صدر شی کا چین کی ترقی میں اہم کردار ہے،جان محمد بلیدی نے کہا بلوچستان اور چینی یونیورسٹیوں میں تعاون بڑھایا جائے،شذرا منصب علی نے کہا چین نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، ایم کیو ایم کے طحٰہ خان نے پاکستان میں چینیوں پر ہونے والے حملو ں کی مذمت کی، وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا خطے کی ترقی میں گوادر ائیر پورٹ کا اہم کردار ہے .
کانفرنس سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں ہوئی ، کانفرنس میں تمام صوبوں سے حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں، ن لیگ ، پی پی پی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، بی اے پی، این پی، این ڈی ایم اور جے یو آئی (ف) کےرہنماؤں نے شرکت کی۔
پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ سی پی سی دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے 10کروڑ ارکان ہیں اور سب سے زیادہ عرصے تک کامیابی سے کام کرنے والی سیاسی جماعت ہے جس نے چین کو تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا1979 میں چین کی فی کس آمدنی 157 ڈالر تھی ، اب یہ 12000 ڈالر ہے، اُس وقت چین کی جی ڈی پی 150 ارب ڈالر تھی، اب یہ 18 ٹریلین ڈالر ہے۔
اتنے کم وقت میں چائنا کی کامیابی کی 5 وجوہات بیان کیں،جن میں لیڈرشپ کا معیار، کورس کو درست کرنے کی صلاحیت، پالیسی کا تسلسل، دوسروں سے سیکھنا اور پرامن خارجہ پالیس شامل ہیں۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا کیے ہیں۔
سینٹرسعدیہ خاقان عباسی نے کہا کہ "سیکیورٹی اور ترقی پر توجہ چین کا ایک منفرد سیلنگ پوائنٹ ہے"پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا چین کی ترقی دنیا کے لیے ایک رول ماڈل اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو دنیا بھر میں مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک شگون ثابت ہوگا۔
سی پیک پاکستانیوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی کو فروغ دینے میں سینیٹر مشاہد کے کردار کو سراہا۔ جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا صدر شی جن پنگ کی قیادت نے عالمی سطح پر چین کی شاندار ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سینئر رہنما سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہاکمیونسٹ پارٹی نے چین کو بے مثال ترقی کی طرف گامزن کیا ہے، پا کستان کو چین سے سبق سیکھنا چاہیے، تنازعات میں فرنٹ لائن ریاست بننے کے بجائے جیو اکنامکس پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔
سینیٹر جان محمد جمالی نے کہابلوچستان کا مستقبل پاکستان کے وسیع تر ترقیاتی اہداف سے جڑا ہوا ہے اور کسی بھی قیمت پر سی پیک میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔