غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، صبح سے اب تک صہیونی فوج نے 41 فلسطینی شہید کردیے، جبالیہ کیمپ، صابرہ اور زیتون میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری کی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنین کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے جہاں اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کیلئے خوراک، پانی، بجلی اور انٹرنیٹ بند کر رکھا ہے۔
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز اسرائیلی حملے کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں متعدد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں ایک معذور شخص اور کئی بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم اتوار کو شروع کی جائے گی، جبکہ امدادی گروپوں نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیلی حملے خوراک اور صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی جنگ میں کم از کم 40,691 افراد شہید اور 94,060 زخمی ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، 89 فلسطینی شہید اور 205 زخمی ہوئے ہیں۔
7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے دوران اسرائیل میں تقریباً 1,139 افراد ہلاک ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق آج خان یونس کے نصر اسپتال میں 27 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں، جنہیں اسرائیلی حملوں میں شہید کیا گیا۔