سلاؤ (نمائندہ جنگ) پاکستان برٹش بزنس کونسل کے زیراہتمام ڈنر تقریب اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا اور سابق کمشنر اوورسیز پنجاب و ممبر بورڈ او پی ایف افضال بھٹی کے اعزاز میں منعقد کی گئی جس میں پاکستانیوں اور غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی ۔اس موقع پر چیئرمین اورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان بدل چکا ہے ،پاکستان روشنی، سکون، امن اور خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان کے ادارے اپنی قوم اور ملک کو پرامن بنانے کی طرف راغب اور دنیا کی ترقی میں شامل ہونے کیلئے مصروف ہیں ،ملک محفوظ ترین ہاتھوں میں ہے ،معیشت مضبوط ہو رہی ہے ان تازہ ہوا کے جھونکوں میں اوورسیز پاکستانی یکجا متحد ہو کر آگے بڑھیں، ملک کی خوشحالی میں ہاتھ بٹائیں، برٹش بزنس فورم نوجوانوں پر مشتمل بہترین فورم ہے ۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا کہ اسلام آباد میں اوورسیز فاؤنڈیشن آپ کے مسائل کے حل کیلئے موجود ہے۔سابق کمشنر و ممبر او پی ایف بورڈ افضال بھٹی نے کہا کہ حکومت پاکستان کی آگے کی طرف ترقی کیلئے جدوجہد جاری ہے ،موجودہ صورتحال میں اورسیز پاکستانیوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی سوہنی دھرتی میں اپنے کاروبار کو فروغ دیں، اپنے ملک میں سرمایہ کاری کریں، انھیں مکمل تحفظ ملے گا، پاکستان کو عظیم بنانے کے لئے ہمیں اپنی ترجیحات کو بدلنا ہو گا، ملک کی ترقی کے لئے قوم کی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔ ہم اداروں کے استحکام کی بات کرتے ہیں ،اداروں کو مستحکم کرنے کے لئے عوام کی سوچ میں بیداری لانا ضروری ہے تاکہ اپنے ملک اور اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں اور پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنائیں ۔انھوں نے سکھ کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سکھوں کو اپنے بابا گرونانک پر مزید سہولیات فراہم کرے گی تاکہ انھیں اپنی عبادت میں کسی قسم کی مشکلات نہ آئیں۔ افضال بھٹی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف پہلے سے بھی زیادہ اوورسیز کمیشن پنجاب کے قیام کے لیے مخلص اور کوشاں ہیں جس کے لئے جلد ہی اوورسیز کو خوشخبری ملے گی۔ تقریب میں لارڈ میئر اور پہلی مسلم لارڈ میئر کا اعزاز حاصل کرنے والی سابق میئر و قونصلر عشرت شاہ، ممبر او پی ایف بورڈ کامران خان، آزاد کشمیر کے وزیر چوہدری محمد خالق نے بھی خطاب کیا۔ فیصل چیچی نے مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔ وقار ملک نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اداکئے۔ انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی طرف سے برطانیہ میں مقیم پاکستان اور کشمیری کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا اور ہائی کمیشن کے نمائندے جواد چھٹہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قیصر چیچی، محمد علی راجگاڑیا اور منور چیچی کی کمیونٹی خدمات کو سراہا۔آخرمیں دینی شخصیت و اسلامی سکالر و اینکر حافظ لیاقت حسین نے پاکستان کی سلامتی و ترقی کیلئے دعا کی۔