کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کے ہاتھوں ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش ہونے کے بعدپاکستانی کرکٹ ٹیم چھٹے نمبر سے آٹھویں نمبر پر چلی گئی جب کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی ہے۔ اس وقت پاکستان کے صرف 76 ریٹنگ پوائنٹس ہیں جو1965کے بعدیعنی 59سال میں کم ترین ہیں۔بابر اعظم دس بہترین بیٹر ز کی فہرست سے باہر ہوگئے، ٹاپ ٹین بولروں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، بدھ کو آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کردی ۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں پاکستان کے 16پوائنٹس ہیں، اس لیے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کوالیفائی کرنا بھی بظاہر ناممکن ہوگیا ہے۔ سابق کپتان اور بابر اعظم بھی تقریباً پونے پانچ سال بعد ٹاپ 10سے باہر ہوگئے، وہ 3درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر آگئے تاہم محمد رضوان ٹاپ 10میں شامل ہوگئے ہیں، وہ 10ویں نمبر پر موجود ہیں۔