• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی ملاقات

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق—فائل فوٹو
قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق—فائل فوٹو

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں اپوزیشن وفد میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور عامر ڈوگر شریک تھے جبکہ حکومت کی جانب سے رانا ثناء اللّٰہ اور خالد مگسی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے سے متعلق مشاورت ہوئی۔

اس کے علاوہ ملاقات میں مشترکہ اجلاس سے متعلق فریقین کے درمیان گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں بلوچستان کی صورتِ حال پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل کے استعفے پر اپوزیشن اور حکومتی وفد میں مشاورت ہوئی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

قومی اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں آج اسمبلی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں، یہ بات میں نے کسی کو نہیں بتائی آج ابھی اس پریس کانفرنس میں بتا رہا ہوں۔

اختر مینگل کا کہنا تھا کہ میں اپنے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کر سکا، میں ریاست، صدر، وزیرِ اعظم پر عدم اعتماد کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ بڑی مدت کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ پارلیمنٹ آؤں گا، بلوچستان پر اپنا اٹل فیصلہ سناؤں گا، بلوچستان کے مسئلے پر سیر حاصل بحث ہونی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید