کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) صوبے میں انسداد پولیو مہمات کے دوران ڈرائیور، مالی، نائب قاصد اور وارڈسرونٹ سمیت غیر متعلقہ افراد کی بحیثیت یونین کونسل میڈیکل آفیسر تعیناتی کو مستقل بنیادوں پر روکنے کیلئے ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ نے پالیسی تشکیل دے دی ہے اس سلسلے میں ای او سی نے تعلیم اور قابلیت کا معیار طے کر دیا ہے۔ کراچی، حیدر آباد، جامشورو اور سکھر کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر ’جنگ’ نے 31 اگست کو نشاندہی کی تھی کہ صوبے میں انسداد پولیو مہمات کے دوران ڈرائیور، مالی، نائب قاصد، خانسامہ اور چوکیدار سمیت غیر متعلقہ افراد کو یونین کونسل میڈیکل آفیسرز لگایا جاتا ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے ای او سی کوآرڈینٹر ارشاد علی سوڈھر نے ہدایات جاری کیں اور ڈی ایچ اوز اورڈی ای او سیز کو پابند کیاگیا کہ 9 ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں نائب قاصد، کلرک، خانسامہ، ڈریسر، ڈرائیور، چوکیدار، مالی، اسٹور کیپر، اٹینڈنٹ، اسٹینو گرافر، وارڈ سرونٹ، انسیکٹ کلیکٹراورڈیٹا آپریٹر سمیت کسی غیر متعلقہ فرد کو یو سی ایم او نہ لگایا جائے ، بالخصوص کراچی ڈویژن میں تعینات مڈل ، میٹرک اور انٹر پاس یو سی ایم او زکو ہٹایا جائے، نئے یو سی ایم اوز کو خصوصی تربیت دی جائے، ڈی ای او سیز مہم کے لئے جمع کرائی گئی فہرست دوبارہ چیک کریں اور معیار کے مطابق فہرست بھیجیں۔