• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنم ماروی کا تیسری شادی کا اعتراف


پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ صنم ماروی نے اپنی تیسری شادی کا اعتراف کر لیا اور کہا کہ ماضی کے تمام دکھ، درد اور تکلیف کا صلہ تیسرے شوہر کی صورت میں مل گیا ہے۔

حال ہی میں گلوکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی۔

دوران گفتگو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گلوکارہ نے کہا کہ زندگی میں بہت دکھ، غم، تکلیفیں دیکھی ہیں لیکن اب خوش ہوں مجھے لگتا ہے کہ میرے تمام غموں کا صلہ مل گیا ہے۔

صنم ماروی کا جواب سن کر میزبان نے سوال کیا کہ کس صورت میں صلہ ملا ہے تو انہوں نے بتایا کہ میرے گھر والوں نے میری شادی کروائی ہے، ان کا نام خُبیب ہے، جس کے بعد میں بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بچوں کی جدائی کی وجہ سے جو غم اور تکلیفیں دیکھی ہیں لگتا ہے اب میرے خدا نے مجھے اس کا صلہ دے دیا ہے، بچوں سے جدائی کا غم اپنی جگہ لیکن اب میں بہت خوش ہوں۔

گلوکارہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھے پہلے لگتا تھا کہ مرد کبھی وفادار نہیں ہوسکتا لیکن اب لگتا ہے کہ مرد بھی وفادار ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گلوکارہ صنم ماروی کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009ء میں  کراچی میں قتل کر دیا گیا تھا۔

پہلے شوہر کے انتقال کے بعد انہوں نے حامد خان سے شادی کی تھی جو گھریلو تشدد کے سبب 2020ء میں خلع پر ختم ہوئی، ان کے دوسرے شوہر سے ان کے 3 بیٹے بھی ہیں، جو اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں۔

صنم ماروی نے تیسرے شوہر خُبیب قریشی سے خفیہ نکاح کیا تھا، جس کا اعتراف حال ہی میں کیا ہے، ان کا ایک بیٹا محمد قائم الدین قریشی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید