• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملزمان کو چھڑانے کی دھمکی سیاسی جماعتیں نہیں مسلح گروہ دیتے ہیں: شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن—فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن—فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی دھمکی آمیز تقاریر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی جلسے میں اداروں اور عدلیہ کو دھمکیاں قابلِ مذمت ہیں۔

ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ کیا تحریکِ انصاف چاہتی ہے کہ انصاف کا نظام جلسے اور جتھے چلائیں؟ ملزمان کو جتھوں کی مدد سے چھڑانے کی دھمکی سیاسی جماعتیں نہیں مسلح گروہ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف ایک بار پھر پُرتشدد اور انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے، پی ٹی آئی آج تک 9 مئی سے نہیں سیکھی۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ کیا اب بھی ان کو لگتا ہے کہ دھمکیوں، تشدد اور انتشار کی سیاست میں کوئی جگہ ہے؟ ہمارے قائدین نے بھی جیل کاٹی ہے، ہم نے کبھی یہ دھمکی نہیں دی کہ ہم جتھوں اور تشدد سے اپنے قائدین کو رہا کرائیں گے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ اداروں نے ان سے بات کرنے سے انکار کیا تو یہ پھر دھونس دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔

فضول گوئی علی امین گنڈاپور کی تربیت کی عکاس ہے: شاہدہ رحمانی

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شاہدہ رحمانی نے علی امین گنڈاپور کی خواتین کے بارے میں نازیبا زبان کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی عزت ہر حال میں لازم ہے، چاہے وہ کسی بھی شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتی ہوں۔

شاہدہ رحمانی کا کہنا ہے کہ خواتین کے بارے میں اس قسم کی گُفتگو کو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی فضول گوئی علی امین گنڈاپور کی تربیت کی عکاسی کرتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید