اسلام آباد(ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف الیون ٹو میں واقع لگژری اپارٹمنٹ میں ڈانس کے دوران نشہ کی حالت میں دو خواتین سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے ۔نشے میں دھت(ن) نامی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی جبکہ کوہاٹ کا رہائشی ظابت خان اور (ث )نامی خاتون فلیٹ میں ہی جاں بحق ہو گئے تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ظابت خان قطر میں ملازمت کرتاتھا۔چندیوم قبل چھٹی پرپاکستان واپس آیا تھا۔ وہ اپنی دوفرینڈزکےساتھ اپارٹمنٹ میں آیاجہاں پرانہوں نے مبینہ طور پرڈانس پارٹی منعقد کی۔پولیس ذرائع کے دعویٰ کے مطابق ڈانس پارٹی میں تینوں نے نشہ کیا۔جب حالت خراب ہونے لگی تو لڑکی (ن ) نے فلیٹس کی انتظامیہ کواطلاع دی جس پر تھانہ شالیمار پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لڑکی کوفوری طورپر پمز پہنچایاگیاجہاں پرعلاج معالجہ کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکی۔پولیس کے مطابق ابتدائی طورپر واقعاتی شہادتوں کےمطابق تینوں نے مبینہ طور پر شراب پی رکھی تھی۔ ممکنہ طورپرنشہ آور گولیاں یا آئس بھی استعمال کی گئی ۔ میوزک پرڈانس کے دوران تینوں کی طبیعت خراب ہوئی اور ان میں سےظابت اور خاتون (ث) اپارٹمنٹ میں ہی دم توڑ گئے جبکہ “ن”ہسپتال پہنچ کر زندگی کی بازی ہارگئی۔پولیس نے ظابت کا پوسٹمارٹم کروالیا جبکہ لڑکیوں کاپوسٹمارٹم تاحال نہ ہو سکا تھا۔ پولیس افسر نے بتایاکہ ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیاگیا کیونکہ(ن)کے ورثاء کو پولیس نے ٹریس کرکے رابطہ کیا جنہوں نےکسی قسم کی قانونی کارروائی کرانےسے انکارکردیا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش میں یہ دیکھنا باقی ہے کہ تینوں نے نشہ کیاجس سے انکی موت واقع ہوئی تو کیا انکی موت کثرت نشہ کی وجہ سے ہوئی یا زہریلی شراب پینے سے یہ اموات ہوئیں ۔اس امر کی تفتیش ناگزیر ہے کہ متوفین کے موبائل فونز کاڈیٹا لیکر اصل ملزمان تک پہنچاجائے۔ دریں اثناء ایک اور واقعہ میں اغواء کا بدلہ لینے کے لئے کوہاٹ کے رہائشی لیاقت شاہ کو ڈورے گاؤں میں قتل کر دیا گیا ۔پولیس نے انقلاب شاہ کو گرفتارکر لیا۔ ترنول پولیس کے مطابق مقتول کے بھتیجے کرامت شاہ نے ملزم فریق کی ایک دوشیزہ کو اغواء کر رکھا تھا۔ مقتول نے لڑکی کی بازیابی میں کوئی مدد نہیں کی بلکہ بھتیجے کو تحفظ بھی فراہم کرتا رہاجس پر انقلاب شاہ اور رحمت نے مقتول کا تعاقب کیا اور گلشن کالونی ترنول میں لیاقت شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا پولیس نے مقتول کے بھائی قاسم شاہ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا۔