لندن (پی اے) ایک سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ کم ویش 37فیصد والدین اور خاندان کے بڑے اپنے بچوں کو تلقین کررہے ہیں کہ اپنی صحت کی طرح مستقبل کی مالی ضروریات کی بھی فکر کرو جبکہ کم وبیش 42فیصد افراد اپنی مالی حالت کے بارے میں فکر مند ہیں، اس کے مقابلے میں48فیصد افراد اپنی صحت کے حوالے سے فکر مند ہیں، پہلے کے مقابلے میں کم وبیش دوگنی تعداد میں لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ہفتہ وار کھانے کو زیادہ صحت مند بنانے کیلئے خرچ کررہے ہیں۔ کم وبیش 16فیصد افراد اپنا بجٹ بنانے کیلئے مالیات سے متعلق ایپس کا سہارا لیتے ہیں۔ 61فیصد افراد کا کہنا ہے کہ انھوں نے کبھی مالیاتی مشیر سے مشورہ نہیں کیا۔ نٹ میگ کی کلیئر ایکسلے کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ ریٹائرمنٹ کی ابتدا میں بہت زیادہ خرچ کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے پاس اس وقت بہت کم رقم رہ جاتی ہے، جب وہ کم فعال ہوجاتے ہیں، تاہم طویل اور صحت مند زندگی کیلئے ہمیں ایسے کام کرنے چاہئیں، جن سے ہم زیادہ عرصے تک لطف اندوز ہوسکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنی مالی حالت پر زیادہ توجہ دینے سے طویل المیعاد بنیادوں پر فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں، اس کے ساتھ ضروری ہے کہ مالیاتی مشورے حاصل کئے جائیں کہ کس طرح ہم ریٹائر منٹ کے بعد بہتر اور خوش حال زندگی گزار سکتے ہیں اور ریٹائر منٹ کے بعد بھی اپنی پسند کی طرز زندگی اختیار کرسکتے ہیں۔