• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنکھے استعمال کرنے کے باجود بھارتی بورڈ نوئیڈا اسٹیڈیم خشک نہ کرسکا

کراچی ( جنگ نیوز) دنیا کا مالدار اور بااثر ترین کرکٹ بورڈ دوسرے روز بھی افغانستان اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ میچ شروع نہ کراسکا۔ میچ گریٹر نوئیڈا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ افغانستان ٹیم جو بھارت کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتی ہے، میچ کیلئے ناقص انتظامات پر مایوس ہوگئی ہے۔ افغان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار نے اسٹیڈیم کی سہولتوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ پیر کو پہلے روز بارش کے بعد پچ گیلی ہونے کی وجہ سے منگل کو دوسرے دن بھی رکا رہا۔ گراؤنڈ کے عملے نے پچ خشک کرنے کیلئے برقی پنکھے استعمال کیے۔ گراؤنڈ اسٹاف نے ایک گیلی جگہ کو، جو کور پوائنٹ اور مڈ وکٹ کے درمیان تھی، کھود کر وہاں خشک مٹی اور تازہ گھاس بھر دی۔لیکن پھر بھی گراؤنڈ کو کھیل کے قابل نہ بنایا جاسکا۔اس صورتحال پر افغانستان بورڈ آفیشل نے کہا ہے کہ ان کی پہلی پسند لکھنؤ اسٹیڈیم تھی، لیکن انہیں نوئیڈا کے اس اسٹیڈیم میں کھیلنے کی اجازت دی گئی۔ یہاں بہت زیادہ گڑبڑ ہے، دوبارہ اس وینیو پر نہیں آئیں گے۔ کھلاڑی بھی یہاں کی سہولتوں سے ناخوش ہیں، ہم نے بہت پہلے ان معاملات پر بات کی تھی، ہمیں سب اچھا ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔افغانستان بورڈ آفیشل نے کہا کہ ٹیسٹ میچ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، یہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے۔یہ افغانستان کا محض 10واں ٹیسٹ میچ ہے۔ٹم ساؤتھی کی کپتانی میںنیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے اس سلسلے میں کھل کر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔