• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاہدے پر عمل نہ ہوا تو 3 روزہ ہڑتال، لانگ مارچ اور بلز کا بائیکاٹ، حافظ نعیم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے معاہد ہ پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا تو 3روزہ ہڑتال، لانگ مارچ اور پھر بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کریں گے، جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک وسیع ہوکر پورے ملک کے عوام کے حقوق کی تحریک بن گئی ہے، مہنگی بجلی وگیس، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ پورے ملک کا مسئلہ ہے، صرف پنجاب میں دہ ماہ کا ریلیف نہیں بلکہ پورے ملک میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے، حکمران اپنی عیاشیاں ختم کریں، آئی پی پیز کو لگام دیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا۔ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اداروں کے اختیارات ووسائل پر قبضہ کیاہوا ہے، الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے بلدیاتی انتخابات اور میئر شپ پر قبضہ کیا گیا، عام انتخابات میں ایم کیوایم ایک پولنگ اسٹیشن نہیں جیت سکی لیکن فارم 47کے ذریعے اسے مسلط کردیا گیا، ناظم آباد کے عوام خراج تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے جماعت اسلامی کے نمائندے وجیہ حسن کو رکن سندھ اسمبلی بنایا لیکن ان کو بھی فارم 47کے ذریعے ہروادیا گیا، جماعت اسلامی نے عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے قومی ایجنڈا تشکیل دیا ہے اور اسی کی بنیاد پر ملک بھر میں عوامی رابطہ وممبر شپ مہم شروع کی ہے، مردوخواتین، نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر بنیں،طاقت بنیں اور اس حکمران ٹولے سے نجات کی جدوجہد کا حصہ بنیں جس نے ملک اور قوم کو بیرونی قرضوں میں جکڑ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحسن چوک ناظم آباد میں ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے ایک بڑے کیمپ پر علاقے کے عوام اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر ضلع وسطی ویوسی چیئر مین سید وجیہ حسن نے بھی خطاب کیا،قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن جب ناظم آباد پہنچے تو اردو بازار پر ان کا شاندار اور پرجوش استقبال کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید