کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کی معاشی ترقی میں تعاون کیلئے پرعزم ہے، وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے ۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے عندیہ دیا کہ آئندہ مہینوں میں سعودی کاروباری افراد کا وفد مشترکہ منصوبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان آئے گا۔‘بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر خزانہ نے پائیدار معاشی نمو اور استحکام کے لئے اسٹرکچرل ریفارمز کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے مسلسل معاشی تعاون کو سراہا اور سعودی سرمایہ کاروں کے پاکستان کے نجی شعبے میں تعاون اور دلچسپی کے اظہار پر بھی روشنی ڈالی۔