• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم نے پاکستان بناکربرصغیر کا نقشہ تبدیل کردیا، کونسلر محمد اسلم

لوٹن ( نمائندہ جنگ) کنزرویٹو پارٹی کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح رح کی برسی پر ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے پاکستان کے نام سے الگ ریاست قائم کرکے برصغیرکا نقشہ تبدیل کرنے والی تاریخ ساز شخصیت قائداعظم محمد علی جناح کی 76ویں برسی کی مناسبت سے وہ کمیونٹی کو قائداعظم کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے بڑے بڑے گھاگ سیاستدانوں کو سیاسی میدان میں شکست دی، وہ مسلمانوں اور مظلوم اقوام کے حقوق کے رستے میں مخالف عناصر کے عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے انہوں نے اپنوں کے گِلے دور کئے اور انہیں پاکستان کی جدوجہد میں شامل کیا۔ آج پھر پاکستان کو دنیا کی باوقار قوموں میں شمار کرنے کے لیے قوم کو قائداعظم جیسے بے لوث لیڈر کی ضرورت ہے جو ملک کو موجودہ چیلنجوں سے نکال سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں برطانیہ میں پیدا ہونے والے اپنے بچوں اور نوجوانوں کو قائداعظم جیسی شخصیات کے کارہائے نمایاں سے آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ کیسے ان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان حاصل کیا گیا اور پھر آزادی کے بعد بکھرے ہوئے پاکستان کو مستحکم کرنے کیلئے قائداعظم نے آخری حد تک کوششیں کیں۔اپنی وفات سے پہلے قوم کے نام پیغام میں مستقبل کا راستہ، قائد اعظم نے ان الفاظ میں بیان کیا تھا کہ "آپ کی مملکت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، اب آپ کا فرض ہے کہ اس کی تعمیر کریں۔ قائداعظم محمد علی جناح کا انتقال 11 ستمبر 1948 کو کراچی میں ہوا تھا اللہ کریم ان کے درجات بلند فرمائے ۔
یورپ سے سے مزید