کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیمپئنز ون ڈے کپ میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم کی ناکامی کا سلسلہ جاری، ہفتے کو ڈولفنز کی ہار سے دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی شکست کی ہیٹ ٹرک مکمل ہوگئی، فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں پینتھرز نے ڈولفنز کو مات دے دی، پینتھرز نے ڈولفنز کو جیت کیلئے 329 رنز کا ہدف دیا تھا،ناکام ٹیم 278رنز پر آوٹ ہوگئی،فاتح ٹیم کی فتح میں عثمان خان کی سنچری نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ بولنگ میں فاسٹ بولر محمد حسنین نمایاں رہے اور ان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔،فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم کی وکٹ پہلے کھیلنے والی ٹیم کے لئے بیٹنگ پیرا ڈائز ثابت ہورہی ہے جبکہ دوسری بیٹنگ کے لئے رنز کا حصول محال دکھائی دے رہا ہے، 329رنز کے تعاقب میں ڈولفنز تین اوورز قبل278رنز پر آوٹ ہوگئی،ڈولفنز کی جانب قاسم اکرم نےسب سے زیادہ65 رنز بنائے،صاحب زادہ فرحان نے52،کپتان سعود شکیل نے24محمد حریرہ نے39 اور فہیم اشرف نے41رنز کی اننگز کھیلی،آصف علی صرف دس رنز بناسکے،میر حمزہ13رنز پر ناٹ آوٹ رہے،فاسٹ بولر محمد حسنین نے74رنز کے عوض پانچ وکٹ لئے،اسامہ میر اور مبصر خان نے دو، دو وکٹ لئے، اس سے قبلپہلے میچ میں مارخورز سے ہارنے والی،پینتھرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 49.4 اوورز میں 328 رنز بنائے، پینتھرز کے عثمان خان 111 رنز بنا کر نمایاں رہے۔انہوں نے119گیندوں پر11چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے یہ اسکور کیا، کپتان شاداب خان نے 65، حیدر علی نے 63، عمر صادق نے 30، اسامہ میر نے 22، عماد بٹ نے 11، مبشر خان نے 5رنزاسکور کیے ،صائم ایوب اپنا آئیڈیل نو لُک شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھے۔انہوں نے چھ رنز بنائے،جبکہ محمد حسنین بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ڈولفنز کی جانب سے لیگ اسپنر عثمان قادر نے 3، عباس آفریدی اور میر حمزہ نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔