• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ون ڈے کپ، پینتھرز نے لائنز کو 84 رنز سے شکست دیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ون ڈے کپ کے پانچویں میچ میں پینتھرز نے لائنز کو 84 رنز سے شکست دیدی۔ شاداب خان 37 رنز اور تین وکٹوں کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ پیر کو فیصل آباد میں پینتھرز نے 46.5 اوورز میں 283 رنز بنا ئے۔ لائنز 199 رنز بنا سکی۔ پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ اوپنر صائم ایوب 10، اذان اویس ایک، عمر صدیق صفر اور عثمان خان 11 رنز کی وکٹیں صرف51 رنز پر گرگئیں۔ اس موقع پر مبصرخان اور حیدر علی کےدرمیان 144 رنز کی شراکت ہوئی۔ مبصرخان 10 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بناکر آؤٹ ہو ئے۔ حیدرعلی نے 84 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ شاداب خان نے37 رنز کی اننگز کھیلی ۔ لائنز کی طرف سے احمد دانیال اور شاہین آفریدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لائنز نے بھی اپنی تین وکٹیں صرف 44 رنز پرگنوادیں۔ امام الحق نے 5 چوکوں اور 2 چھکے کی مدد سے 60 رنز بنائے ،عرفان خان کے35 رنز میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں83 رنز کا اضافہ کیا ، تاہم شاداب خان اور اسامہ میر کی عمدہ اسپن بولنگ نے پینتھرز کی جیت کی راہ ہموار کردی۔ دونوں نے تین ، تین وکٹ لیے۔