کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفرز کیلئے بائیومیٹرک کی تصدیق لازمی قرار۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اب تمام نئی اور پرانی گاڑیوں کو رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے عمل کے دوران بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت تبدیلی تین مرحلوں میں نافذ کی جائے گی، یکم جولائی سے پہلے مرحلے میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی، دوسرے مرحلے میں یکم نومبرسے گاڑیاں خرید کرنے والوں کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی،تیسرے مرحلے میں گاڑی فروخت کنندہ اور خرید کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم محکمہ ایکسائز میں تمام عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور یہ صرف شروعات ہے۔