اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار )نوری آڈیٹوریم اسلام آباد میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین مرحوم انجینئر پرویز بٹ کو خراجِ عقیدت پیش کرنےکے لئے یادگاری ریفرنس منعقد کیا گیا۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے سابق چیئرمین کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ مرحوم انجینئر پرویز بٹ ایک غیر معمولی ٹیکنالوجسٹ، انجینئر اور دور اندیش رہنما تھے۔ انہوں نے 2002 میں ڈائریکٹوریٹ آف سیفٹی قائم کرکے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن میں جوہری ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال کے لئے ایک مضبوط حفاظتی نظام کی بنیاد رکھی۔ اسی وجہ سے انہیں جوہری تنصیبات میں محفوظ اور ذمہ دارانہ عملی نظام کے فروغ کے اہم علمبرداروں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ وہ معاملات کو سمجھنے، مؤثر انداز میں بات چیت کرنے اور اہم معاملات کو کامیابی سے طے کرنے کی غیر معمولی صلاحیت بھی رکھتے تھے۔ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ انجینئر پرویز بٹ ایک ایسے شجرِ سایہ دار کی مانند تھے جن کی سرپرستی، بصیرت اور خدمات نے آنے والی نسلوں کے لئے بھی فائدہ مند اثرات چھوڑے۔ وہ ’’روڈ ٹو چاغی‘‘ کے ان خاموش ہیروز میں شامل تھے جن کی خدمات کو وہ شہرت نہیں مل سکی جس کے وہ مستحق تھے۔چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ انجینئر پرویز بٹ کی دور اندیشی کے ثمرات آج ان منصوبوں اور اداروں کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہیں جن کا انہوں نے تصور پیش کیا اور انہیں قائم کیا۔