حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں آوارہ کتوں کی بہتات‘9ماہ کے دوران 3ہزار کے قریب کیسز رپورٹ‘ گزشتہ برس کے مقابلے میں 63 فیصد زیادہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات اور کتے کے کاٹنے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا‘ شہر کے گلی و محلوں‘چوک و چوراہوں پر آوارہ کتے گھوم رہے ہیں جس کی وجہ سے ہر آئے دن شہر اور گردونواح میں آدھے درجن کے قریب سگ گزیدگی کے واقعات ہورہے ہیں لیکن مجاز حکام کسی قسم کے عملی اقدامات اٹھانے سے گریزاں نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں اور بالخصوص کمسن بچوں کی زندگی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے رواں برس کے اعداد و شمار بھی مجاز حکام کی نااہلی کی داستان بتا رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق رواں برس جنوری سے ستمبر تک حیدرآباد کے نو اینٹی ریبیز مراکز میں 2 ہزار 944کتے کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئے جو گزشتہ سال اسی مدت کے ایک ہزار 805کیسز کے مقابلے میں تقریباً 63فیصد زیادہ ہیںجو کہ تشویشناک صورتحال کی طرف واضح اشارہ ہے۔