حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ضلع میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات‘ انسداد ریبیز اقدامات اور آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے تدارک کے حوالے سے بین المحکماتی اجلاس منعقد ہوا ۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کو ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تدارک کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور مستقل اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کتے کے کاٹنے کے ہر کیس میں طبی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد‘ زخم کی فوری صفائی اور اینٹی ریبیز ویکسین کا بروقت اور مکمل کورس یقینی بنایا جائے جبکہ علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریبیز کی علامات ظاہر ہونے کے بعد یہ مرض مہلک ثابت ہوسکتا ہے‘ اس لیے بروقت طبی امداد اور عوامی آگہی انتہائی ضروری ہے۔