کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ لاڑکانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی ترقی کے لئے لاڑکانہ انڈسٹریل زون کو اکنامک اسپیشل زون کا درجہ دے دیا گیا ہے ،صوبائی وزیر نے کہا کہ اس اکنامک زون کے قیام سے اینگرو بیسڈ مقامی صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے کے وسیع مواقع دستیاب ہوگئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں سائٹ حکومت سندھ اور اسپیشل اکنامک زون حکومت پاکستان کے درمیان ایک معاہدے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں منعقدہ تقریب میں سائٹ ایسوسی ایشن نے انفرااسٹرکچر کی تعمیر و ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد لاڑکانہ انڈسٹریل زون کو اسپیشل اکنامک زون آف لاڑکانہ کا درجہ ملنے کے بعد اسے مکمل طورپر سیزا کے سپرد کردیا ہے۔2017 میں شروع ہونے والا انڈسٹریل زون کا منصوبہ 2021 میں 1366ملین روپے سے زیادہ لاگت مکمل ہوا ہے۔