سوات میں غیرملکی سفارت کاروں کے قافلے میں شامل پولیس وین پر ہوئے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے تناظر میں ڈی آئی جی مالاکنڈ اور ڈی پی او سوات کو انکے عہدوں سے ہٹادیا گیا۔
پشاور سے سرکاری حکام کے مطابق ڈی آئی جی محمد علی گنڈاپور کو ڈی پی او اور زاہد اللّٰہ کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مالم جبہ میں 22 ستمبر کو غیر ملکی سفارتکاروں کے قافلے میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔ واقعے میں تمام سفارت کار محفوظ رہے تھے۔
بعد ازاں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان بتایا تھا کہ سفارتکاروں کا گروپ بخیریت اسلام آباد واپس پہنچ گیا۔
علاوہ ازیں گورنر خیبرپختونخوا نے قافلے میں شامل 12 غیرملکی سفراء کو خط لکھ کر ان کے محفوظ رہنے پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی سفیروں کو جلد گورنر ہاؤس مدعو کیا جائے گا، غیرملکی سفیروں کو صوبے کا پُرامن چہرہ دکھائیں گے، مالم جبہ واقعے کے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے واقعے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہارِ افسوس بھی کیا۔