توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی، 2 اکتوبر کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے روسٹرم پر جا کر آج ہی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم انصاف چاہتے ہیں، جو ہو رہا ہے یہ انصاف نہیں، الیکشن سے پہلے 5 دنوں میں 3 سزائیں سنا دی گئیں۔
عمران خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا اس کیس سے کچھ لینا دینا نہیں پھر بھی جیل میں ہے، ہم 22 گھنٹے جیل کے دڑبے میں گزارتے ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کرے۔
وکلاء صفائی نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر اپنے دلائل مکمل کر لیے، پراسیکیوشن ٹیم کے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہو سکے، پراسیکیوشن نے دلائل کےلیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔
وکلاء صفائی کی جانب سے دلائل کیلئے پراسیکیوشن کو مزید وقت دینے کی مخالفت کی گئی، تاہم عدالت نے پراسیکیوشن کو دلائل کیلئے مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔