کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کےبیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بالخوص نواں کلی ، ہنہ اوڑک ، بائی پاس ، سرہ غوڑگئی کے علاقوں میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ اور متعلقہ پولیس تھانوں کی کھلی چھوٹ وناقص انتظامی کارکردگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا علاقوں میں بالخصوص جمعہ کے روز( لڑم، انگار ، بابا) ودیگر ناموں سے مختلف گروہوں کا موٹر سائیکل پر ریلیاں نکالنے ، سیاحتی علاقوں میں فیملیز کو تنگ کرنے، علاقہ مکینوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے، ہلر بازی، بیہودگیاں ، منشیات فروشی ، اسلحہ کی نمائش سمیت کم عمر نوجوانوں ، طالب علموں کو اپنے منفی اور مخصوص عزائم کیلئے جرائم کی وارداتوں میں استعمال کرنے کے ناروااور عوام دشمن سرگرمیوں اور جرائم میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ رات کو مختلف علاقوں میں گن پوائنٹس پر موٹر سائیکل ، گاڑیوں، موبائل فون چھیننے ، دکانوں ،گھروں میں ڈکیتیوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں اور انہیں باقاعدہ متعلقہ پولیس تھانوں کی پشت پناہی اور تعاون حاصل ہے کیونکہ جب کوئی بھی شہری ان کے خلاف شکایات کیلئے جاتا ہے تو مذکورہ گروہوں کی جانب سے اُس شہری پر دباؤ ڈالنے کے ساتھ ساتھ اسے جان سے مارنے تک کی دھمکیاں دی جاتی ہیں ۔ مذکورہ بالا علاقوں کے معززین ، سیاسی ، سماجی رہنماء متعلقہ پولیس تھانوں کو بارہا شکایات کرچکے ہیں لیکن پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے شکایت کنندگان کو تنگ وہراساں کرنے ، انہیں پولیس تھانے میں حبس بیجاء میں رکھنے، کاغذات ہونے کے باوجود موٹر سائیکلز کو بند کرنے ، دھونس ودھمکیوں کے ناروا اور عوام دشمن اقدام کی مرتکب ہورہی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان تمام جرائم میں ملوث گروہوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کرتے ہوئے جرائم میں اضافے ، منشیات فروشی کے فروغ کا سدباب کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔