مالمو (نمائندہ جنگ) سفیر پاکستان برائے سویڈن بلال حئی نے تعیناتی کے بعد مالمو شہر کا پہلا دورہ کیا جہاں انہوں نے مالمو شہرکے تاریخی چرچ میں آغا خان یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار دی سٹڈی آف مسلم سولائزیشنزاور آغا خان سنٹر گیلری کی جانب سے ’فٹبال اور مذہب ‘کے نام سے منعقد کردہ نمائش میں خصوصی شرکت کی،مذکورہ نمائش سال 2022میں لندن کے آغا خان سینٹر اور 2023میں پرتگال کے شہر لزبن میں دکھائی گئی تھی، رواں برس اس نمائش کے لئے سویڈن کے شہر مالمو کا انتخاب کیا گیا۔ نمائش میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی گرلز فٹبال لیگ کی دو خواتین کھلاڑیوں کے پورٹریٹ اورنمائش میں گلگت پاکستان کے حوالے سے خصوصی ویڈیو ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی۔ نمائش کے بعد پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے مرکزی دفتر میں سفیرِ پاکستان کی کمیونٹی سے ملاقات کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں پاکستانی ڈاکٹر، انجینئر، کاروباری، سماجی، مذہبی، سیاسی، طلبہ اور آئی ٹی کے شعبے سے منسلک افراد کے نمائندگان سے ملاقات کی۔کمیونٹی نمائندگان نے درپیش مسائل کے حوالے سے سفیر پاکستان کو آگاہی فراہم کی، کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں قائم سویڈش سفارت خانے کی سروس بحال کرنے ، پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے اجرا کے لئے مالمو شہر میں سہولیات فراہم کرنے کے مطالبات کئے گئے۔ سفیرِ پاکستان بلال حئی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نا صرف سفارتخانہ پاکستان بلکہ حکومتی سطح پر کوششیں جارہی ہیں کہ جلد از جلد اسلام آبادمیں قائم سویڈش سفارت خانہ فعال ہو سکے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مالمو میں مقیم کمیونٹی اگر طویل سفر کرکے اسٹاک ہوم نہیں آسکتی تو کوپن ہیگن میں قائم سفارتخانہ اس حوالے سے ان کا بھرپور تعاون کرسکتا ہے۔