• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی مارکیٹ میں عدم مسابقت ٹیکسٹائل برآمدات کی ترقی میں بڑی رکاوٹ، سہیل پاشا

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے باعث عالمی مارکیٹ میں عدم مسابقت ٹیکسٹائل برآمدات کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، حکومت ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے تاکہ صنعتی عمل میں تیزی آئے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب چیئرمین سہیل پاشا نے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سہیل پاشا نے کہا کہ صنعتی اور معاشی بحران کے باعث ٹیکسٹائل کی صنعت سنگین مسائل کا شکار رہی ہے۔ ذرائع توانائی، خام مال اور دیگر پیداواری عوامل کی قیمتوں میں بے جا اضافے سمیت مختلف وفاقی و صوبائی ٹیکسز اور سرچارجز کے باعث برآمدی مصنوعات کی پیداواری لاگت میں غیر ضروری اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ہماری مصنوعات عالمی مارکیٹ میں دیگر ممالک سے عدم مسابقت کا شکار ہیں۔ رواں مالی سال کے آغاز سے ہی برآمدی شعبے کو منفی نمو کے پریشان کن رجحان کا سامنا ہے کیونکہ معاشی سست روی نے ترقی کی رفتار کو محدود کردیا ہے۔ برآمدی پالیسیوں کی ری ڈیزائننگ کی بجائے مزید غیر ضروری اقدامات سے برآمدی عمل میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید