• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ، سری لنکن امیدیں خاک میں مل گئیں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) خواتین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی پہلی قسمت آزمائی میں شان دار کامیابی سے ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کیا۔ شارجہ اسٹیڈیم میں ’’گرلز ان گرین‘‘ نے سری لنکا کی امیدوں کو خاک میں ملاتے ہوئے 31 رنز کی شکست سے دوچار کردیا، کپتان فاطمہ ثنا نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے بیٹنگ اور بولنگ میں عمدہ پرفارمنس پیش کی۔ پاکستانی بولنگ لائن نے 116 رنز کے کم اسکور کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا خوبصورت مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بیٹرز کو بے بس کرکے 85 رنز تک محدود رکھا، صرف دو کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکیں۔ جمعرات کو پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء نے ٹاس جیت کر اپنے بیٹرز کو آزمایا۔ پاکستان نے 20 اوورز میں 116 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثناء نے 21 بال پر سب سے زیادہ 30 رنز بنائےندا ڈار نے 23، اومیمہ سہیل نے 18، سدرہ امین نے 12 اور منیبہ علی نے 11 رنز بنائے۔ اودیشیکا پربودھینی نے20 جبکہ چماری اتاپتو نے18 اور سوگنڈیکا کماری نے19 رنز کے عوض تین تین وکٹ لئے۔ جواب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز شروع سے ہی مایوس کن رہا۔ سری لنکا کی ٹیم 85پر آؤٹ ہوگئی۔ نیلکشیکا سلوا22، وشمی گونارتنے نے20، کپتان چماری اتا پتو 6، ہرشیتا سماراویکرما7 ، حاسینی پریرا8، کاویشا دلہری 3، ہرشیتا سماراویکرما7، انوشکا سنجیوانی نے5 رنز بنائے۔ سعدیہ اقبال نے تین جبکہ فاطمہ ثناء اور اومیمہ سہیل نے دو، دو وکٹ لئے۔ فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی دوران ٹانگ کے پٹھے میں کنچھاؤ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف باقی میچ نہیں کھیل سکیں۔ قبل ازیں افتتاحی میچ میں بنگلا دیش نے اسکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے ہرا یا۔ شارجہ میں بنگلادیش نے 7 وکٹ پر 119 رنز بنائے ۔ جواب میں ناکام 7 وکٹ پر 103 رنز بناسکی۔ سارہ بریس 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ کپتان کیتھرین بریس اور ایلسا لسٹر 11، 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

اسپورٹس سے مزید